ہر ایک ذرّے سے آ رہی ہے صدائے داور أَنِ اعْبُدُونِي،
تمام خلقت حقیر ہے میں اکیلا برتر أَنِ اعْبُدُونِي،
(الاخلاص 112:1-4)
تُم ان سے کہہ دو مرے نبی کے ہوں میں ہی معبود میں احد ہوں،
یہ سب ہیں محتاج میں صمد ہوں، نہیں میں اولاد، لا ولد ہوں،
میں وہ اکیلا ہوں جس کا کوئی نہیں ہے ہم سر أَنِ اعْبُدُونِي،
(البقرۃ 2:255-257)
نہ نیند نہ اونگھ آئے مُجھکو، خفی جلی میں سنبھالتا ہُوں،
میں مؤمنوں کا ولی ہُوں اُن کو میں تیرگی سے نکالتا ہوں،
نظامِ طاغوت سے بچاتا ہوں میں ہی یکسر، أَنِ اعْبُدُونِي،
(البقرۃ 2:186)
مرے پیمبر یہ تُم سے پوچھیں تو کہہ دو ان سے قریب ہُوں میں،
مُجھے پکارو کے میں ہی سُنتا ہوں سب دعائیں مُجیب ہُوں میں،
یقیں رکھو مُجھ پہ شاید آجاؤ راہِ حق پر أَنِ اعْبُدُونِي،
(السجدۃ 32:6-7)
وہ عالِمُ الْغَیْبِ وَالشَّہادَۃ، وہی زبردست و مہرباں ہے،
اُسی نے ہر شے حسیں بنائی، اُسی مُصوِّر کا یہ بیاں ہے،
شروع میں نے کیا ہے مِٹّی سے تیرا پیکر أَنِ اعْبُدُونِي،
(الحدید 57:1-3)
جو شے بھی عرش و زمیں میں ہے بس اُسی کی تسبیح کر رہی ہے،
وہی ہے اوّل وہی ہے آخر، وہی عیاں بھی نِہاں وہی ہے،
وہ کہہ رہا ہے کہ میں ہوں تنہا علیمِ اکبر، أَنِ اعْبُدُونِي،
(الاعراف 7:10)
تمہیں زمیں پر ملا ہے جو اختیار ہم نے دِیا یقیناً،
ہمیں نے سامانِ زندگی بھی تمہیں فراہم کِیا یقیناً،
پہ شُکر کرتے نہیں مِرے بندوں تُم ذرا بھر، أَنِ اعْبُدُونِي،
(النمل 27:62)
دہائی مضطر کی کون سنتا ہے اور مصیبت کو ٹالتا ہے،
زمیں کا وارث تمہیں بناتا مرے علاوہ کوئی خدا ہے؟
اثر نہیں لیتے تم نصیحت کو سن کے اکثر، أَنِ اعْبُدُونِي،
(سورۃ المائدہ - 5:55-56)
اے مومنو! بس ولی تُمہارا ہوں میں یا میرا نبیِٔ حق ہے،
یا جن سے قائم نماز ہے جو رکوع میں ہیں زکوٰۃ دیتے،
ہمارے تابع رہو کے غالب ہے میرا لشکر، أَنِ اعْبُدُونِي،
(سورة الکوثر 108)
ہمیں نے لاریب میرے پیارے تُجھے عطا کر دیا ہے کوثر،
پس اپنے پروردگارِ اعلیٰ کی پڑھ نمازیں حبیب! وانحر،
اے میرے محبوب تیرا دُشمن رہے گا ابتر، أَنِ اعْبُدُونِي،
میں اِس قدر بے نیاز ہُوں کے ہر اِک صفت میں بانٹ دی ہے،
اور ایسا معبود جس کے سجدے میں مُصطفیٰؐ کی جبیں جُھکی ہے،
کہا گیا ہے جسے خُدا وہ ہے میرا مظہر أَنِ اعْبُدُونِي،
تِری ہدایت کے واسطے حُرؔ کِیا ہے آباد شہرِ حِکمت،
اُسی کے صدقے عطا ہوئی ہے ہر ایک نعمت، ہر ایک رحمت،
مُجھے ہے پانا تو جا کے جُھک جا تُو اُس کے در پر، أَنِ اعْبُدُونِي۔
Негізгі бет Hamd e Khuda - Ane'budooni (أَنِ اعْبُدُونِي) - Abbas Naqvi (Hur)
Пікірлер: 2